اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں شہید فلسطینیوں کی تعداد 4 ہوگئی، آپریشنز جاری 78

اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں شہید فلسطینیوں کی تعداد 4 ہوگئی، آپریشنز جاری

اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے دو روزکے دوران شہید فلسطینیوں کی تعداد 4ہوگئی ہے ، پیر کے روز بھی صہیونی فورسز کی جانب سےمقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جینن میں فائرنگ اور چھاپوں کا سلسلہ جاری رہا ،صہیونی فورسز نے درجنوں فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ، پیر کے روز 17سالہ فلسطینی نوجوان جو ایک روز قبل قابض فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا ، اس طرح گزشتہ دو دنوں میں شہداء کی تعداد 4ہوگئی ہے ۔ محمدذاکرنح کو اتوار کے روز نشانہ بنایا گیا ، غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیلی فورسز رضا حاضم کے رشتہ داروں کو نشانہ بنارہی ہیں جن پر تل ابیب میں تین اسرائیلیوں کو ہلاک کرنے والےکا الزام ہے ۔ دوسری جانب اسرائیلی فورسز نے حاضم کے مکان کو مسمار کردیا ہے جبکہ ان کے والد سے گرفتاری دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اسرائیلی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتاریوں کیلئے مارے گئے چھاپوں کے دوران انہیں مزاحمت اور فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رات مزید 20فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے اسرائیلی فوجیوں پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس میں 14اسرائیلی اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ صہیونی فورسز کے حملوں میں 14فلسطینیوں کو شہید کیا جاچکا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینٹ نے صہیونی فورسز کو فلسطینی علاقوں پر حملوں کا کھلا اختیار دے دیا ہے جس کے بعداسرائیلی فورسز کے حملوں میں تیزی آئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں