پاکستان ریلویز پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کیخلاف گھیرا تنگ کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ ریلویز پولیس کوئٹہ نے مخبر کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بذریعہ ٹرین منشیات کی بھاری مقدار میں اسمگلنگ کو ناکام بنا دیا ہے۔
آئی جی ریلویز فیصل شاہکار نے کہا کہ جمیل احمد نامی شخص نے ایک عدد موٹر انجن کوئٹہ سے بذریعہ ٹرین پنجاب کے لیے پارسل کروانے آیا تھا۔
آئی جی ریلویز نے بتایا کہ ایس ایچ او تھانہ ریلویز پولیس کوئٹہ نے شک کی بنا پر موٹر انجن کے نٹ کھول کر چیک کروایا، انجن کے اندر خانوں میں سے 26 کلو 334 گرام چرس کے 21 پیکٹ اور 1 کلو 230 گرام افیون کا 1 پیکٹ برآمد ہوا۔
آئی جی ریلویز فیصل شاہکار نے کہا کہ ملزم کیخلاف تھانہ ریلویز پولیس کوئٹہ میں انسداد منشیات ایکٹ کی دفعہ سی 9 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
آئی جی ریلویز نے مزید بتایا کہ بذریعہ ٹرین غیر قانونی اشیاء کی ترسیل کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ دن قبل بھی اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) اور اے این ایف کراچی نے شہر قائد میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی تھی۔
کارروائی الآصف اسکوئر کے قریب کی گئی تھی جہاں تین ملزمان کے قبضے سے 3.030 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی تھی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ملزمان کو منشیات کی خرید و فروخت کے دوران رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان میں چاغی کے رہائشی راشد اور فضل الرحمن جبکہ سانگھڑ کا رہائشی محمد رفیق شامل ہیں۔
#پاکستان-ریلویز